لاہور( این این آئی)چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور چوہدری محمد عدیل بھٹہ نے سوئی نادرن گیس کمپنی کے کمرشل صارفین کے لئے گیس کی فی یونٹ قیمت دوگنا سے بھی زیادہ کرنے پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما میں صنعتی شعبہ کیلئے پہلے ہی گیس کی سپلائی بند کردی گئی ہے ا س باوجود کمرشل صارفین کیلئے گی کی قیمتوں میں دو گنا سے زیادہ اضافہ سے صنعتی و کمرشل شعبہ متاثر ہوگا۔یکم نومبر سے سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی طرف سے نیا ٹیرف لاگو ہونے سے گیس کی قیمت میں1480روپے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے گیس کی قیمت فی یونٹ 1283روپے سے بڑھا کر 2376روپے کر دی گئی ہے ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی،سید عباس احسن وائس چیئرمین کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ صنعتی شعبوں میں فیکٹریوں کو آر ایل این جی کا نیا کنٹریکٹ سائن کروایا جارہا ہے جس سے ایل این جی جو2763 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو دی جارہی تھی یکم نومبر سے3763روپے کردی گئی ہے جس سے صنعتی شعبہ پر اضافی بوجھ پڑے گا اور گیس سے چلنی والی صنعتیں متاثر ہونگی۔گیس مہنگی ہونے سے ان کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاء مہنگی اور جاری مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگاجس سے سفید پوش اور غریب طبقہ سمیت ہر شہری متاثر ہوگا۔چوہدری عدیل بھٹہ نے کہا کہ مہنگی ایل این جی درآمد کرنے کی بجائے ملک میں بڑھتی ہوئی گیس کی ضروریات کو پوری کرنے کیلئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کے ساتھ ساتھ پاک روس تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ مہنگی گیس سے نجات مل سکے او ملک کی گیس کی ضروریات بھی پوری ہوسکے۔
کمرشل صارفین کیلئے گیس کی قیمت اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا:عدیل بھٹہ
Nov 08, 2022