لاہور (خصوصی نامہ نگار) منکرین ختم نبوت فتنے کے دینی تعاقب کے ساتھ ساتھ سیاسی تعاقب کی بھی اشد ضرورت ہے۔ عقیدہ ختم نبوت قرآن وحدیث اور اجماع امت سے ثابت ہے اس عقیدے کے تحفظ کیلئے حضرات صحابہ کرام ؓسے لے کر دورِ حاضر تک شہادتوں کی تاریخ رقم ہے اور یہ تاریخ خونِ شہیداں سے لکھی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہارقائد احرار حضرت مولانا سید محمد کفیل بخاری نے ایوان احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں ماہانہ درس قرآن کریم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری قادیانیوں کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں بس ہم تو چاہتے ہیں کہ قادیانی یاتو حضور اقدسؐ کی ختم نبوت کو تسلیم کرکے اسلام میں داخل ہو جائیں یا پھر اپنی آئینی حیثیت کو تسلیم کر کے پاکستان کے ساتھ غداری چھوڑ دیں۔ قرآنی احکامات کو پورا کر کے ہی ہم لوگ دنیا میں امن لا سکتے ہیں اور جب تک اللہ تعالیٰ کا بنایا ہوا نظام خالق کی دھرتی پر نافذ نہیں کریں گے تب تک دنیا میں امن کا قیام مشکل ہے۔ علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اہم ترین ارکان نے گزشتہ روز امیر احرار سیدمحمد کفیل بخاری سے مرکزی دفتر احرار لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مولانا محمد مغیرہ، عمر فاروق احرار، ڈاکٹر محمد آصف، مولانا تنویرالحسن احرار، قاری محمد قاسم بلوچ بھی موجود تھے۔