لاہور(نیوز رپورٹر)پنجاب حکومت نے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی تشکیل نو کردی ہے۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کو اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایم پی اے محمد افضل چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ہونگے جبکہ ایم پی ایز احسان الحق، فوزیہ عباس نعیم، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر بہاولپور سمیت دیگر 19 افسروں کو ممبر نامزد کیا گیا ہے۔ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل سے متعلق پہلے تمام احکامات منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔دریںاثناء بشارت راجہ نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے نومنتخب صدر داتو طیب اکرام کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ داتو طیب اکرام اس سے پہلے ہاکی کی متعدد تنظیموں کے عہدیدار رہے۔ امید ہے کہ ان کے چیئرمین فیڈریشن بننے سے ہاکی کھیل کو فروغ ملے گا۔جبکہ محمد بشارت راجہ کی زیر قیادت چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف آئی جے پی روڈ راولپنڈی پر بھرپور احتجاج کیا گیا۔ حلقہ پی پی 14 سمیت راولپنڈی کے ہزاروں کارکنوں نے عمران خان کے حق میں نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک پارٹی قیادت کی طرف سے کوئی ہدایات نہیں ملتیں تب تک پر امن احتجاج جاری رہے گا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ کارکن اپنے قائد پر حملے پر سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے وفاقی دارالحکومت کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دئیے۔
چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل نو، راجہ بشارت چیئرمین مقرر
Nov 08, 2022