غزہ (این این آئی+ آئی این پی) فلسطینی محکمہ اوقاف اور مذہبی امور کے وزیر الشیخ حاتم البکری نے کہا ہے کہ اکتوبر میں اسرائیلی قابض فوج اور اس کے آباد کاروں نے مسجد اقصی پر 24 بار دھاوا بولا۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد ابراہیمی میں 73 مرتبہ اذان دینے پر پابندی لگائی جبکہ گزشتہ اکتوبر میں پانچ دن مسجد ابراہیمی کو بند رکھا گیا۔ البکری نے کل ایک پریس بیان میں کہا کہ قابض فوج نے نہ صرف مسجد ابراہیمی میں نماز اور اذان پر پابندی لگائی بلکہ انتہاپسند یہودیوں نے فوج کی سرپرستی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔ الخلیل میں قیطون مسجد کے قریب کچرے کے ڈبے پھینک دئیے۔ اسرائیلی قابض پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران تین فلسطینیوں کو اغوا کر لیا ہے۔ یہ کارروائیاں مقبوضہ بیت المقدس اور الخلیل کے علاقوں میں کی گئی ہیں۔ قابض اہلکاروں نے سمیع العجلونی کے گھر پر توڑ پھوڑ بھی کی۔ یہ واقعہ الخلیل شہر کے جنوبی حصے میں پیش آیا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی جیل میں قید ایک زخمی سیاسی قیدی 19 سالہ محمد جمال دراغمہ جن کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر طوباس سے ہے، نے اپنی رہائی کے مطالبے کے لیے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق زخمی قیدی جمال دراغمہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ان کی والدہ نے بھی اپنی بیماری کے باوجود بھوک ہڑتال اور دوائی نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ زیر حراست شخص کی والدہ دراغمہ نے قبیلے کے عمائدین اور حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کریں اور اتھارٹی کی سکیورٹی سروسز پر دباؤ ڈالیں تاکہ اس کے بیٹے کو رہا کیا جاسکے۔