عالمی بنک پاکستان کو توانائی انفراسٹرکچر کیلئے 3 ارب ڈالر فراہم کرنے پر رضامند 

Nov 08, 2022


اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) عالمی بنک نے پاکستان کو توانائی کے شعبے میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے لیے 3ارب ڈالر سے زیادہ فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ عالمی بنک داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ میں معاونت بھی فراہم کرے گا۔ اسی طرح یہ توانائی کی استعداد اور بچت کے پروگرام میں بھی مدد کرے گا، یہ صوبوں کو سولر پروجیکٹ کی تنصیب کے منصوبوں کو دی جانے والی مدد کے علاوہ ہو گا۔ اعلی سطح کے وفد کی وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر سے ملاقات کی ہے۔ خرم دستگیر نے وفد کو بتایا کہ حکومت نے توانائی کے شعبے میں سخت اور مشکل فیصلے کیے ہیں، وہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا حوالہ دے رہے تھے، ان کا کہنا تھا جو سیاسی طور پر کرنا مشکل تھا لیکن حکومت پرعزم ہے کہ توانائی کے شعبے میں پائیداری کو یقینی بنایا جائے۔ دریں اثناء ورلڈ بنک کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ڈائریکٹر برائے انفراسٹرکچر گوانگزے نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اقتصادی امور نے ریجنل ڈائریکٹر ورلڈ بنک کا وزارت میں خیرمقدم کیا اور پاکستان میں اقتصادی ترقی کی سرگرمیوں کیلئے عالمی بنک کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

مزیدخبریں