قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارکان کی عدم دلچسپی نظر آئی، اجلاس تقریبا ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہو ا، اجلاس کے آغاز پر ایوان میں صرف 25 ارکان موجود تھے جو آپس میں خوش گپیاں لگا رہے تھے۔ مسلم لیگ (ن) شیخ فیاض الدین 5بجکر 44منٹ پر ایوان میں آئے تو چند ارکان ہی موجود تھے تو انہوں نے بلند آواز میں کہا ’’واہ جی واہ، واہ جی واہ، ایتھے تے ساڑھے چار بندے نیں‘‘۔ جس پر نثار چیمہ نے کہا کہ وہ کون جس پر شیخ فیاض نے آگے بیٹھے دو ارکان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا’’دو او تے ڈھائی تسیں‘‘۔ جس پر ارکا ن نے قہقہ بلند کر دیا، جب توجہ دلائو نوٹس پر ارکان اظہار خیال کر رہے تھے سپیکر نے عبدالقادر مندوخیل کو مائیک دیا تو جے یو آئی کے مولانا جمال الدین بولے! جناب سپیکر ایجنڈے میں توجہ دلائو نوٹس میں میرا نام پہلے لکھا ہوا ہے اور آپ نے عبدالقادر مندوخیل کو پہلے مائیک دے دیا۔ اس طرح نہ کیا کریں‘‘۔ جی ڈی اے کی رکن ڈاکٹر فہمیدہ مرزا خطاب کر رہی تھیں تو ارکان ایوان میںکھڑے گپیں لگا رہے تھے جس پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ’’آرڈر ان دی ہائوس، آرڈر ان دی ہائوس کی آواز لگائی اور بولے! ارکان اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں، اجلاس کے دوران ارکان نے پی ٹی آئی کے رکن اعظم خان سواتی کی نا مناسب ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔