ممبئی (آئی این پی)بھارت کی ریاست بہار کے ایک گاؤں میں ایک خاتون کو ’ڈائن‘ قرار دے کر اسے زندہ جلا کر مار دیا گیا۔بھارتی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ریاست بہار کے گیا ضلع میں چڑیل کے الزام میں خاتون کو اس کے گھر میں زندہ جلا دیا گیا۔
گاؤں کے لوگوں نے پولیس پر بھی حملہ کیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گیا ضلع کے میگرا تھانہ علاقے کے گاؤں پنچوا میں خاتون کو چڑیل کا الزام لگا کر گھر میں زندہ جلا دیا گیا جہاں خاتون کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مرنے والی خاتون کی شناخت ارجن داس کی 45 سالہ بیوی ہیمنتی دیوی کے طور پر کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گاؤں کے ہی چندر دیو مانجھی نامی شخص کے بیٹے کی بیماری کی وجہ سے ہوا جس کے بعد ہیمنتی دیوی پر ڈائن کا الزام لگایا تھا۔بتایا جا رہا ہے کہ اس معاملے پر گاؤں میں پنچایت بھی ہوئی تھی لیکن چندر دیو مانجھی نہیں مانے اور شام کو اپنے کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر گھر پر حملہ بول دیا اور سامان جلا ڈالا جبکہ گھر میں رہنے والی خاتون ہیمنتی دیوی کو بھی جلا دیا گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس بھی پہنچ گئی، لیکن مشتعل لوگوں نے پولیس پر بھی پتھراؤ شروع کردیا۔مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری ڈی ایس پی منوج رام کی قیادت میں امام گنج پہنچی جس کے بعد علاقہ پر امن ہوگیا۔پولیس نے خاتون کی سوختہ لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل اسپتال بھیج دیا گیا، جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔