کراچی(این این آئی)نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے کہاہے کہ سید نا غوث اعظم شیخ عبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ تمام اولیاء کے سردارہیں،آپ پیدائشی طورپراللہ کے ولی تھے، یکم رمضان المبارک کوپید اہوئے لیکن پورے رمضان ماں کا دودھ نہیں پیا،اس کے بعد آپ ریاضت ومجاہدہ کرنے کے سلسلے میں اپنی زندگی کے قیمتی سال گزارے،بعض اوقات آپ کے پاس کھانے پینے کا سامان میسر نہیں ہوتاتھا توجنگلوں میں جنگلی درختوں کے پتوں کو کھاکر گزاراکرتے تھے آپ نے ہمیشہ سچ بولا،آپ کی سچائی نے ڈاکوؤں کے پورے گینگ کو توبہ کی طرف مائل کردیاوہ گذشتہ روزمدینہ مسجد کورنگی میں گیارہویں شریف کے سالانہ جلسہ سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔ گیارہویں شریف کی محفل سے مولانااطہراقبال نے بھی خطاب کیا۔حاجی محمدحنیف طیب کامزیدکہناتھاکہ غوث اعظم نے حصول علم کے دوران انتہائی مشکل ترین وقت گزارا،ہمیشہ بڑے سے بڑے حکمران کے سامنے بھی کلمہ حق بلند کیا۔آپ کی حق گوئی اورسچائی سے حاکم وقت بھی اس قدرمرعوب تھے کہ آپ کا خط ملتے ہی ادب سے کھڑے ہوجاتے ،خط کو پہلے چومتے پھر جو اُس میں غیر شرعی باتیں ختم کرنے کا حکم ہوتااورسچائی پر عمل کرنے کا حکم ہوتااُس پر حاکم وقت فوراًعمل شروع کرتاتھا،انہوںنے کہاکہ جو آج اپنے آپ کو تصوف کی دنیا کا بہت قیمتی جوہر سمجھتے ہیں انہیں غوث پاک کی اِس روایت پر عمل کرنا چاہیے تاکہ ہمارے ملک سے سودی نظام کا خاتمہ ہو،رشوت خوری ، بے حیائی ،ہرکام میں کمیشن خانے کی روایات کاخاتمہ ہو۔حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ غوث اعظم شیخ عبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے لاتعدادگمراہ لوگوں مشرف بااِسلام کیا اورراہ راست پرلائے،آپ کی اولادنے بھی نسل درنسل تبلیغ کا سلسلہ جاری رکھا اس کے نتیجے میں ہندوستان کے علاقہ لوہانہ قبیلہ جو ہندؤتھا اُس کے سات سوخاندان مشرف بااسلام ہوئے اس کے نتیجے میں وہ ہی قبیلہ اَب میمن قوم سے پہچاناجاتاہے۔
سید نا غوث اعظم شیخ عبدالقادرجیلانی تمام اولیاء کے سردارہیں،حاجی حنیف طیب
Nov 08, 2022