تعلیم کے معیار سے مطمئن نہیں،اساتذہ کو محنت کرنا ہوگی ،غلام اکبر لغاری


میرپورخاص(بیورورپورٹ) سیکریٹری تعلیم غلام اکبر لغاری نے کہا ہے کہ نئے اساتذہ کی بھرتی کے بعد اساتذہ کی کمی ختم ہو رہی ہے، تعلیم کے معیار سے مطمئن نہیں ہوں، نئے اور پرانے اساتذہ کو تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے محنت کرنے کی ضرورت ہے  ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنمنٹ کمپری ہینسیو ہائر سکینڈری اسکول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا سیکرٹری تعلیم غلام اکبر لغاری نے مزید کہا کہ گورنمنٹ کمپری ہینسیو اسکول ماضی میں ایک اچھا اسکول تھا لیکن بد قسمتی سے اب اس اسکول کی حالت ماضی جیسی نہیں رہی ہے تاہم اس اسکول کو اس کی سابقہ شان میں واپس لایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں صوبے کے اسکول کی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں تمام اسکولوں کی عمارتوں کو درست کروانے کے لئے ورلڈبنک کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ جلد اسکول کی عمارتیں درست کر دی جائیں گی درسی کتب کی کمی کو جلد دور کرنے سمیت دیگر درپیش مسائل پر ٹیکسٹ بک بورڈ انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے جبکہ اس موقع پر پی ٹی ایف میرپورخاص کے جنرل سیکرٹری اللہ بچایو مہر نے سیکریٹری تعلیم کو ماضی میں بھرتی ہونے والے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے بارے میں بتایا جس پر سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ  مسئلہ ہمارے علم میں ہے جسے جلد حل کر کے اساتذہ کو ریلیف فراہم کیا جائے گا جبکہ سیکرٹری تعلیم نے مختلف کلاس رومز میں جا کر زیر تعلیم طلباء سے سوالات کئے اور اساتذہ سے تعلیمی معیار پر عدم اعتماد کا اظہار کیا انھوں نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے سخت محنت کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ای پیپر دی نیشن