کراچی (این این آئی)حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے سندھ کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اتوار کی شب دبئی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان نصف گھنٹے تک جاری رہنے والی بات چیت کے دوران ملک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اس وقت ملک جس نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اس میں تمام سیاسی قوتوں کو تحمل اور سنجیدہ رویے کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ پیر پگارا نے سابق گورنر سندھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ پاکستان کے بارے میں سوچنے کا ہے۔ پیر پگارا نے کہا کہ افواج پاکستان ملک و قوم کے تحفظ کی ضامن ہیں، اگر ہماری پاک فوج کمزور ہوئی تو پاکستان بھی مستحکم نہیں رہ سکتا۔ پیر پگارا نے کہا کہ ہم ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ رہے ہیں اور آئندہ بھی ان کی ہر سطح پر بھرپور حمایت اور مدد کریں گے کیونکہ ہمیں اپنی سیاست کی نہیں صرف پاکستان کی سلامتی اور فیڈریشن کے استحکام کی فکر ہے۔