نہروں میں ڈوب کر 3بہنوں سمیت 4بچیاں جاں بحق


اڈاذخیرہ ‘ منڈی صادق گنج (نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت)  نہروں میں ڈوب کر 3 بہنوں سمیت 4 بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔  منڈی صادق گنج کے نواحی گاؤں بھیڈ والا کے رہائشی محمد منور پاندہ کی بیوی  اور تین بچیاں دوپہر کے وقت کپڑے دھونے کی غرض سے صادقیہ کینال پر گئیں جہاں پر پتن خراب ہونے کے باعث پھسلن زیادہ ہو چکی تھی اچانک پاؤں سلپ ہونے اور حواس باختہ ہونے پر منور پاندہ کی تینوں بیٹیاں 12 سالہ سدرہ 9 سالہ رانی اور 7 سالہ زرینہ صادقیہ کینال میں گر کر ڈوب گئیں ماں کے شور مچانے پر اردگرد موجود نوجوانوں نے ڈوبنے والی بچیوں کو بچانے کی کوشش کی اس کوشش میں 12 سالہ سدرہ کو صادقیہ کینال سے نکال کر فوری رورل ہیلتھ کمپلیکس منڈی صادق گنج منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی جبکہ دیگر دو بچیوں کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔اڈاذخیرہ نہر گیارہ ایل میں ڈوب کر 3 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ نواحی چک نمبر 211 ڈبلیو بی اڈہ پکی کوٹھی کے رہائشی محمد امجد کی تین سالہ بیٹی نور فاطمہ جو نہر کنارے کھیل رہی تھی کہ اچانک نہر میں گر گئی اور ورثاء کو علم نہ ہو سکا جس سے وہ جاں بحق ہو گئی اڈاپل سرلہ کے قریب نہر گیارہ سے اس تین سالہ بچی کی نعش برآمد ہوئی پولیس چوکی اڈا ذخیرہ کے انچارج ملک ظفر بوہڑ نے بچی کی نعش کو نکال کر ورثاء کے حوالے کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن