کاشتکار کی خوشحالی حکومتی پالیسیوں کامرکز ہے، سیکرٹری زراعت


ملتان(خبر نگار خصوصی) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ڈاکٹر فیصل ظہور نے شجاع آباد میں مینگو ریسرچ اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آم کی روٹ سٹاک ورائٹیز، ہائی ڈینسٹی پلانٹنگ جیو میٹری، ٹرینچ ٹیکنالوجی اور فیلڈ میں ریسرچ ٹرائلز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ کاشتکار کی خوشحالی موجودہ حکومت کی پالیسیوں کامرکز ہے۔ آم کی پیداوار ملک بالخصوص صوبہ پنجاب کی پہچان ہے جس میں اضافہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی ضرورت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ریسرچ کا عمل جاری رکھا جائے۔ضرر رساں کیڑوں اور بیماریوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ماحول دوست مینجمنٹ کی جائے اور باغات پر سپرے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کے ٹرائلز کا ڈیٹا اکٹھا کرکے پیش کیا جائے۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب کو پرنسپل سائنٹسٹ مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ عبدالغفار گریوال نے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مینگو ریسرچ اسٹیشن میں 43 ایکڑ پر آم کے باغات لگائے گئے ہیں جن میں 2 ایکڑ رقبہ پر ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن کے تحت تجربات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال کے دوران ادارہ ہذا کے تحت بیماریوں سے پاک تصدیق شدہ 20 ہزار آم کے پودے کاشتکاروں کو دئیے جارہے ہیں۔
سیکرٹری زراعت

ای پیپر دی نیشن