ملکی دفاع ‘ سلامتی کیلئے پاک فوج کا کردار قابل ستائش ہے :رانا تنویر 

Nov 08, 2022


شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ گورنر ہائوس پر حملہ وفاق پر حملہ ہے میری رائے میں پنجاب میں گورنر راج لگنا چاہیے کیونکہ پنجاب میں مسلسل اداروںکو (ن) لیگ کیخلاف استعمال کیا جارہا ہے جو کہ کسی بھی طور پر ملک وقوم اور جمہوریت کے مفادمیں نہیں ہے عمران خان پر حملہ پنجاب میں اسکی اپنی حکومت میں ہوا ہے۔ ملکی دفاع اور سلامتی کیلئے پاک فوج کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اقامہ پر غیرآئینی طریقہ سے نکالا جبکہ عمران خان کو پہلے اس کے اتحادیوں اور پھر اپوزیشن نے آئینی طریقہ سے تحریک عدم اعتماد سے اقتدار سے الگ کیا نواز لیگ کسی بھی طور پر کسی غیر آئینی اقدام یا تبدیلی کی حمایت نہیںکرتی بلکہ مزاحمت کریگی عمران خان کی طرف سے مارشل لاء کی بات اس کی آمرانہ سوچ کا عکاس ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے ندیم صادق گورایہ کے انتقال پر تعزیت کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے کیا اس موقع پر ن لیگ کے سینئر رہنما حاجی طارق محمود ڈوگر، مبشر حسن بٹ، رانا عثمان ، جاوید معراج ، عظیم احمد یزدانی، سیف الرحمن سیفی سمیت دیگر بھی موجودتھے ۔

مزیدخبریں