کراچی (کامرس رپورٹر) انٹربینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں منگل کے روز بھی غیرملکی کرنسیوں کی قیمتوں میں تیزی کا سلسلہ جاری رہا اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ 12 کاروباری روز سے جاری ہے اور مقامی کرنسی کی قدر میں تقریباً 2.9 فیصد گراوٹ ہو چکی ہے۔ منگل کو انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 1.10 روپے بڑھ کر 286.39روپے پر پہنچ گئی جبکہ ایک موقع پر انٹربینک میں ڈالر کی تیزی ایک روپے 71 پیسے بھی پہنچی تھی۔ جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید 50 پیسے کے اضافے سے 287.50روپے پر پہنچ گیا۔ یورو کی قدر1روپے گھٹ کر 308روپے رہ گئی جبکہ برطانوی پاو¿نڈ کی قدر 355 روپے پر مستحکم رہی۔ سعودی ریال 77روپے پر برقرار رہا جبکہ یو اے ای درہم 80پیسے بڑھ کر 81.80روپے پرپہنچ گیا۔ دوسری طرف ملکی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو ایک تولہ سونا 200روپے گھٹ گیا جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 14ہزار 200 روپے کی سطح سے کم ہوکر 2لاکھ 14ہزار روپے رہ گئی۔ فی تولہ چاندی کے دام 2580روپے پر مستحکم رہے۔