ڈی آئی خان: آئل کیس کمپنی پر دہشتگردوں کا حملہ، 2پولیس اہلکار شہید، 3 زخمی

Nov 08, 2023

 ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی ) تحصیل درازندہ میں دہشت گردوں نے آئل گیس کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے ڈیوٹی پر مامور 2 پولیس اہلکاروں کو شہید اور 3 کو زخمی کر دیا۔ شہید اہلکاروں میں رحمت الہی اور محمد عارف شامل ہیں جبکہ زخمی اہلکاروں میں اے ایس آئی عالمشیر، فضل الرحمن اور عطاالرحمن شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ الحاج آئل اینڈ گیس پرائیویٹ ڈرلنگ کمپنی پر ہوا ہے، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے ایک اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ کمپنی کیمپ پر پولیس کی نفری تعینات تھی جس کو نشانہ بنایا گیا، موقع پر مزید پولیس نفری پہنچ گئی ہے جبکہ دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں آئل اینڈ گیس کمپنی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ منگل کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیااور کہا کہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے ، پوری قوم سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی اور ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں