چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات، حکومت شفاف انتخابات کیلئے ہر تعاون کریگی: وزیراعظم

Nov 08, 2023

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ سے چیف الیکش کمشنر سکندر سلطان راجہ نے وزیرِ اعظم ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر نے وزیرِ اعظم کو عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کمشن کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ چیف الیکشن کمشنر نے وزیرِ اعظم کو عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمشن کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت الیکشن کمشن کو ملک میں آزادانہ، صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر قسم کا تعاون کرے گی اور تمام ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ ای سی نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیراعظم کو انتخابات کی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔ الیکشن کمشن نے 8 فروری کو انتخابات کرانے کیلئے تمام ضروری تیاریاں کر لی ہیں۔ پولنگ سٹیشنز اور پولنگ سٹاف کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں۔ الیکشن میٹریل کی پرنٹنگ کا کام بھی آخری مرحلے میں ہے، جلد ہی تمام اضلاع میں انتخابی فہرستیں پہنچا دی جائیں گی۔ الیکشن کمشن اپنی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے سرانجام دے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیراعظم کو الیکشن کمشن کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے درکار فنڈز اور مطلوبہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرقِ وسطی و اسلامی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے امور کیلئے نمائندہ خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے بھی ملاقات کی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں غزہ میں غاصب صہیونی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینوں پر جاری نسل کشی اور مظالم کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ8 اور9 نومبر کو منعقد ہونے والی 16ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے آج تاشقند ازبکستان کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سربراہی اجلاس میں ای سی او وژن 2025 ء، تجارت، ٹرانسپورٹ، کنکٹیویٹی، توانائی، سیاحت و اقتصادی ترقی اور پیداواری شعبوں میں علاقائی تعاون کے فروغ کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔ مستقبل کے کام اور علاقائی روابط اور باہمی خوشحالی کے فروغ کے لئے پاکستان کا وژن پیش کریں گے۔ وہ ازبکستان کی قیادت اور دیگر شریک رہنماﺅں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت میں بھی شامل ہوں گے۔نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا خواتین کی مالیاتی شمولیت کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔ آسان موبائل اکاﺅنٹ (اے ایم اے) سکیم کی پاکستان کی نمایاں کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سے ترقی پذیر ممالک اسلامی ترقیاتی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، اے آئی آئی بی، یو این ڈی پی جیسی عالمی تنظیموں کے ذریعے براہ راست ہم سے رابطے میں ہیں، ہم ان کی مدد کے ساتھ پاکستان کی اس منفرد کامیابی کو دنیا میں کہیں بھی پسماندہ اور محروم خواتین کے لیے دہرانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں مالیاتی شمولیت کے فرق کو ختم کرنا کے موضوع پر ایک ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب کا اہتمام ورلڈ اکنامک فورم کے ایڈیسن الائنس اور ورچوئل ریمیٹنس گیٹ وے نے کیا تھا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) آئندہ پانچ سالوں میں پاکستان میں 60 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری لانے میں مدد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عرب نیوز کو ایک انٹرویو میں کیا۔ اس سوال پر کہ کیا ایس آئی ایف سی کی اگلے پانچ سالوں میں پاکستان میں 60 بلین ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرنے کی رپورٹس حقیقت پسندانہ ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ واقعی ایسا ہی ہے، بلکہ یہ شاید اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں