لاہور(سپورٹس رپورٹر )گلین میکسویل کی شاندارڈبل سنچری کی بدولت آسٹریلیا افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ۔ممبئی کے وانکھڈے سٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ کے 39ویں میچ میں آسٹریلیا نے 292 رنز کا ہدف 47ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔آسٹریلوی بیٹنگ لائن افغانستان کےخلاف اننگز کے شروع سے مشکلات کا شکار رہی اور 91 رنز پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ بالترتیب 18 اور صفر رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے۔ مچل مارش 24 اور مارنس لبوشین 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جوش انگلس صفر مارکس سٹوئنس 6 اور مچل سٹارک 3 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے۔ اننگز کی کمان گلین میکسویل اور کپتان پیٹ کمنز نے سنبھالی اور آٹھویں وکٹ پر ریکارڈ 202 رنز کی شراکت قائم کی۔گلین میکسویل نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 128 گیندوں پر ناقابلِ شکست 201 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان پیٹ کمنز نے 68 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ہدف کے تعاقب میں میکسویل کا ساتھ دیا۔ نوین الحق، عظمت اللہ عمر زئی اور راشد خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے 5 وکٹوں پر 291 رنز بنائے۔اوپنر رحمان اللہ گربار 21 جبکہ رحمت شاہ 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان حشمت اللہ شاہدی 26، عظمت عمرزئی 22، محمد نبی 12 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے۔ابراہیم زادران نے 126 رنز بنائے ۔وہ ور ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے پہلے افغان کھلاڑی بن گئے۔ راشد خان نے 35 رنز بنائے، دونوں کھلاڑی ناٹ آو¿ٹ رہے۔ افغان ٹیم نے 5 وکٹوںپر 291 رنز بنائے۔ جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ مچل سٹارک، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔گلین میکس ویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔وہ آسٹریلیا کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلی کھلاڑی بن گئے ۔ آسٹریلیا کی فتح کےساتھ ہی پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار ہیں ۔
ورلڈ کپ کی تاریخی ڈبل سنچری، میکسویل نے افغانستان سے فتح چھین لی
Nov 08, 2023