لاہور (لیڈی رپورٹر) عارفین اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام عارف ہائیر سیکنڈری سکول مصطفیٰ آباد (دھرم پورہ) لاہور میں سالانہ جلسہ تقسیم انعامات کا انعقاد ہوا جس کی صدارت عارفین اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر اور نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے کی۔ تقریب کی میزبانی پرنسپل سید عامر علی نے کی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں طلبائ‘ ان کے والدین اور اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں عارفین اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی طرف سے جماعت ششم سے دہم تک اول پوزیشن لینے والے طلباءکو نقد انعامات اور اعزازی شیلڈز دی گئیں۔ حسن قرات‘ نعت خوانی اور تقریری مقابلوں میں اول‘ دوئم اور سوئم آنے والے طلباءکو میڈلز تقسیم کئے گئے۔ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے صدارتی خطاب میں طلباءکو تعلیمی نصاب بالخصوص سائنس کے مضامین اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سخت محنت کرنے کی تلقین کی تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ اچھے کردار‘ اخلاق و اطوار‘ والدین اور اساتذہ کی فرمانبرداری‘ بلند مقاصد اور ان کے حصول کے لئے سخت محنت کامیابی کی کلیدیں ہیں۔ انہوں نے طلباءکے تعلیمی معیار میں بہتری کے لئے اساتذہ کرام کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبائ‘ ان کے والدین اور اساتذہ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور توقع کی کہ اساتذہ اور طلباءمحنت کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔سینئر نائب صدر ڈاکٹر نعیم لودھی نے ایسوسی ایشن کے قیام کی تاریخ‘ اغراض و مقاصد‘ سکول کی بہتری اور طلباءکی فلاح و بہبود کےلئے کئے گئے کاموں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں بھی ایسوسی ایشن سکول اور طلباءکی فلاح وبہبود کے پراجیکٹس پر کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے طلباءکی تعلیمی استعداد کے فروغ کے لئے ایسوسی ایشن کے عزم کا اعادہ کیا۔ سکول کے پرنسپل سید عامر علی نے خطاب میں ان کے دور میں کئے گئے کاموں اور طلباءکی علمی استعداد کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ سکول کی بہتری کے لئے 5 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری ہو چکی ہے لیکن فنڈز کا اجراءنہ ہونے کی وجہ سےترقیاتی کام رکے پڑے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ طلباءکی بہتری کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوںنے ایسوسی ایشن کی طرف سے کئے گئے کاموں کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔ جنرل سیکرٹری سید امداد حسیند‘ انفارمیشن سیکرٹری ذوالفقار احمد‘ جوائنٹ سیکرٹری امداد فرید‘ سیکرٹری خزانہ محمد مبین نے تقریبکے کامیاب انعقاد کے لئے نمایاں کوششیں کیں۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض جوائنٹ سیکرٹری امداد فرید نے انجام دیئے۔