لاہور(خبرنگار)کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ایل ڈی اے اور ایم سی ایل ٹیموں نے گزشتہ روزمشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایونیو ون، جوبلی ٹاﺅن اور موہلنوال میں رہائشی علاقوں سے تجاوزات ختم کر دیں۔کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کے گزشتہ ہفتے موہلنوال و ایونیو ون سکیم میں دورے کے دوران شہریوں نے تجاوزات اور مویشیوں کے بارے میں شکایت کی تھی۔ شہریوں کی شکایت پر کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے نے ایل ڈی اے اور ایم سی ایل کو مشترکہ آپریشن کے احکامات دیئے۔آپریشن کے دوران ایل ڈی اے اور ایم سی ایل کی ٹیموں نے ایونیوون ، جوبلی ٹاﺅن اور موہلنوال میں سٹرکوں سے تجاوزات ہٹا دیں ،بھینسوں کے متعدد غیرقانونی باڑے اور شیڈز مسمار کر دیئے۔ایل ڈی اے اور ایم سی ایل ٹیموں نے مشترکہ آپریشن کے دوران2درجن سے زائد آوارہ مویشیوں کو کارپوریشن کے حوالے کر دیا۔ آپریشن ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یوپی خالد گورائیہ کے زیر نگرانی ایل ڈی اے اور ایم سی ایل کی ٹیموں نے کیا۔ کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر شہر بھر میں غیرقانونی تعمیرات /تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔