ورلڈ کپ: کھلاڑیوں کا آرام، آج پریکٹس، کپتان، کوچز نے گالف کھیلی، حارث کا سکین کلیئر

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کولکتہ میں کوچز کے ہمراہ گالف کھیلنے پہنچ گئے۔ پاکستان سکواڈ کے گزشتہ روز آرام کا دن تھا۔تاہم کپتان بابر اعظم ، کوچ بریڈ برن ، بیٹنگ کوچ اینڈریو پٹک اور باﺅلنگ کوچ مورنی مورکل نے رائل گالف کلب کولکتہ میں گالف کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں نے ہوٹل ہی میں جم اور پول سیشنز میں حصہ لیا، پاکستان ٹیم آج سے ٹریننگ کا آغاز کرےگی۔ ٹریننگ سیشن سہ پہر دو بجے شروع ہو گا ۔حارث روف کی پسلی کا ایم آر آئی سکین کرایا گیاجو کلیئر ہے ، انہیں انجری نہیں ۔شاداب خان کی ریکوری اچھی رہی ہے آج ٹریننگ کے موقع پر معائنہ کیا جائےگا۔پاکستان آخری گروپ میچ میںگیارہ نومبر کو انگلینڈ کےخلاف مدمقابل ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ کون جانتا ہے کہ ہم نیوزی لینڈ کیخلاف مقابلے میں کیسے جائیں گے۔ حقیقی احساس ہے کہ سیمی فائنل میں پہنچنے جا رہے ہیں لیکن دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ کیا معلوم ہفتے کو ہمارے ہاتھ میں ہوگا بھی یا نہیں۔تھوڑی سی خدائی مدد سے ہم سیمی فائنل میں پہنچ سکتے ہیں لیکن اچھا کھیلنا ہوگا۔ جب سے فخر آیا ہے وہ ناقابل یقین ہے۔ جب وہ اچھا کھیلتا ہے تو وہ غیر معمولی ہوتا ہے۔ وہ کھیل بدل سکتا ہے۔ظاہر ہے، فخر کے ٹیم میں آنے سے ہم میں زندگی کی ایک نئی سانس آئی۔ شروع میں ان کا نہ ہونا مشکل تھا۔ فخر زمان جب بھی زیادہ لمبی بلے بازی کرتا ہے تو وہ کھیل بدلتا ہے، ہم اتنے ہی زیادہ غالب ہو جاتے ہیں۔ لہذا یہ ہمارے لیے واقعی اہم ہے کہ ہم فخر کو اس قسم کی فارم میں رکھیں اور یہ واقعی اہم ہے کہ وہ انگلینڈ کےخلاف کھیل میں اپنی بیٹنگ کےساتھ اس فارم اور جارحیت اور درستگی کو اپنائے۔ دفاعی چیمپئنز کے 7 میں سے 6 میچ ہارنے کے باوجود ان کی ٹیم کو انگلینڈ کےخلاف اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ آئیے امید کرتے ہیں کہ ہم انگلینڈ کےخلاف بیٹنگ، باو¿لنگ اور فیلڈنگ پرفارمنس کیلئے خود کو بچا رہے ہیں اور پھر جو ہوگا وہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن