واشنگٹن(این این آئی)امریکہ میں مظاہرین نے اسرائیل کے لیے ہتھیار لے جانے والے امریکی فوجی جہاز کو روک دیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سینکڑوں فلسطینی حامی مظاہرین نے واشنگٹن میں ٹاکوما کی بندرگاہ پر فوجی سپلائی جہاز کو روکنے کے لیے ریلی نکالی جو امریکہ سے اسرائیل کے لیے ہتھیار لے جارہاتھا۔ریلی میں شریک مظاہرین نے بتایاکہ ہم غزہ جنگ بندی چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کا قتل ہونا بند ہو جائے۔ ہم امریکی خارجہ پالیسی اور اسرائیل کو امریکی فنڈنگ کے بارے میں تحقیقات بھی چاہتے ہیں۔ ٹاکوما میں کیپ اور لینڈو کہلانے والے جہاز کو ہر عمر کے مظاہرین کا سامنا کرنا پڑا جو رین کوٹ، پفر جیکٹس اوڑھے اور چھتریاں تانے احتجاج کر رہے تھے، مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ بینرز پر غزہ کا دفاع کریں، فلسطین کو آزاد کرو، ایک اور نکل نہیں، ایک اور پیسہ نہیں، اسرائیل کے جرائم کے لیے مزید رقم نہیں جیسے نعرے درج تھے۔ دوسری طرف پینٹاگون کے ترجمان جیف جورگنسن نے کہا ہے کہ یہ جہاز درحقیقت امریکی فوجی کارگو کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔