چھتیس گڑھ میں نکسل پھر فعال، الیکشن کے دوران دھماکہ کردیا

سکما(این این آئی)بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں منگل کے روز پولنگ شروع ہونے کے فورا بعد نکسلیوں کے ذریعہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی)دھماکے میں انتخابی ڈیوٹی پر تعینات سی آر پی ایف کا ایک جوان زخمی ہوگیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق سکما کے سینئر پولیس افسر کرن چوہان نے بتایا کہ جوان کوبرا بٹالین سے تھا جسے انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔زخمی جوان کی شناخت سری کانت کے طور پر کی گئی ہے جس کی حالت فوری ابتدائی طبی امداد کے بعد خطرے سے باپر بتائی جارہی ہے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوبرا 206 اور سی آر پی ایف کے جوان کیمپ ٹونڈامارکا سے علاقے پر غلبہ حاصل کرنے کی مہم پر ایلماگونڈا گاﺅں جا رہے تھے۔ گشت کے دوران جوان نے نکسلیوں کے ذریعہ نصب کردہ آئی ای ڈی پر قدم رکھا جس سے اس کی ٹانگ زخمی ہوئی۔چھتیس گڑھ میں دو روز کے دوران آئی ای ڈی دھماکے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ پیر کے روز کانکیر میں پریشر آئی ای ڈی دھماکے میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)کا ایک کانسٹیبل اور پولنگ ٹیم کے دو ارکان زخمی ہوگئے تھے۔زخمی کانسٹیبل کی شناخت پرکاش چند کے طور پر ہوئی ہے، جس کی ٹانگوں پر چوٹیں آئیں اور اسے علاج کے لئے چھوٹے پیٹھیا لے جایا گیا۔آئی ای ڈی دھماکے میں دونوں پولنگ افسران کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔چھتیس گڑھ میں پہلے مرحلے میں 20 حلقوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں ۔ 20 حلقوں کے حساس علاقوں میں 600 سے زائد پولنگ بوتھوں کے لئے تین سطحی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔چھتیس گڑھ کی 90 رکنی اسمبلی کے لئے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 17 نومبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو چار دیگر ریاستوں میں کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن