فلسطین کا مسئلہ حل کئے بغیر دنیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ،مشاہد سید

Nov 08, 2023

اسلام آباد ( نما ئندہ خصوصی/خبرنگار ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سول سوسائٹی الائنس ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنسلٹس اور نیشنل پریس کلب کے اشتراک سے فلسطینی عوام پر اسرائیل کی طرف سے جاری ظلم و بربریت کے خلاف ایک پرزور احتجاجی مظاہرہ کیا جو نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے شروع ہوا اور ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سنیٹر مشاہد حسین سید، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری، سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنسلٹس کے صدر افضل بٹ ، نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا ، راولپنڈی یونین آف جرنسلٹس کے صدر عابد عباسی، سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری یٰسین ، سول سوسائٹی الائنس کے کنوینر مصطفیٰ حیدر سید، پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان اور انجمن تاجراں پاکستان کے صدر اجمل بلوچ سمیت تاجر برادری، صحافیوں، وکلا اور سول سوسائٹی کی ایک بڑی تعداد نے مظاہرے میں شرکت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سنیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کو حل کئے بغیر دنیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے لہذا انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا کہ ان دیرینہ مسائل کو حل کرانے میں کردار ادا کریں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا قیام فلسطینی عوام کا بنیادی حق ہے جس سے ان کو ابھی تک محروم رکھا گیا ہے۔ چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنسلٹس کے صدر افضل بٹ ، نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا ، راولپنڈی یونین آف جرنسلٹس کے صدر عابد عباسی، سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری یٰسین ، سول سوسائٹی الائنس کے کنوینر مصطفیٰ حیدر سید، پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست زمرد خان اور انجمن تاجراں پاکستان کے صدر اجمل بلوچ سمیت دیگر نے بھی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کیا اور اور فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ 

مزیدخبریں