لاہور (سپورٹس ر پورٹر+ این این آئی+ آئی این پی) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ کی صورت حال کے پیش نظر سپورٹس گالا ملتوی کر دیا۔ سموگ کے بعد سپورٹس گالا منعقد کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے لاہور میں شہریوں میں ماسک فراہمی کی مہم شروع کر دی۔ انہوں نے کہا مساجد سے سموگ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری گھروں سے نہ نکلنے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب حکومتی اقدامات کے باوجود لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ایک بار پھر پہلے نمبر پر موجود رہا جبکہ شہر میں سموگ کی ابتر صورتحال کے باعث شہریوں میں مختلف امراض پھیلنے لگے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال جمعرات کو بھی ابتر رہی۔ صبح کے وقت ایئر کوالٹی انڈیکس(اے کیو آئی) 824ریکارڈ کی گئی۔ بھارت کا شہر نئی دہلی 439 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سپورٹس رپورٹر کے مطابق یوتھ فیسٹیول میں 28 یونیورسٹیز اور کالجز کے 1 ہزارسے زائد طلبہ شریک تھے۔ لاہور یوتھ فیسٹیولز میں اتھلیٹکس کے فائنلز مقابلے ہوئے تھے، 8 سے 10 نومبر تک یوتھ فیسٹیول کے باقی مقابلوں کے فائنلز شیڈول تھے، کل 100 میٹر ریس اور رسی کشی کے مقابلے ہونا تھے۔ میراتھن، فن ریس، جمناسٹک اور سائیکلنگ کے مقابلوں کی نئے تاریخوں کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔
سموگ کے باعث لاہور یوتھ فیسٹیول مقابلے ملتوی: ماسک فراہمی، مہم شروع کر دی: مریم اورنگزیب
Nov 08, 2024