فیصل آباد؍ جڑانوالہ (نمائندگان) پولیس مقابلے میں ریکارڈ یافتہ دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ پولیس نے تھانہ صدر فیصل آباد کے علاقہ کھڈیاں وڑائچاں میں شاہ گینگ کے ممبران دو خواتین کے قتل میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو شاہ گینگ نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر سمیت پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیر لیا، دو طرفہ فائرنگ رکنے کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پائے گئے، جو الائیڈ ہسپتال جاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔ ملزموں کی شناخت رضا عرف منا اور عمر فاروق کے نام سے ہوئی ہے جو صدر جڑانوالہ پولیس کو دو لڑکیوں کے قتل کے مقدمہ میں اشتہاری اور مطلوب تھے۔ ملزم شاہ گینگ کے سرگرم ممبر تھے جو کہ بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے۔
فیصل آباد: 2 لڑکیوں کے قتل سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث دو ڈاکو ہلاک
Nov 08, 2024