بغداد(این این آئی)عراق نے کہاہے کہ اسرائیل کے خلاف ایرانی حملوں میں عراقی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔غرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے عراق میں وزارتی کونسل برائے قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کیلئے عراقی سرزمین کے استعمال کی خبریں جھوٹے بہانے اور جواز ہیں جن کا مقصد اسرائیل پر حملے کا جواز فراہم کرنا ہے ایسے بیانات عراق، اس کی خودمختاری اور اس کی سرزمین کے تقدس کی توہین ہیں۔عراقی حکام نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کی روشنی میں ان کی سرزمین کو حملوں یا ردعمل کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا کہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ عراقی سرزمین کو حملوں کیلئے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے یا حملوں کے جوابات دیے جا رہے ہیں یہ سب خبریں جھوٹے بہانے اور جواز ہیں جن کا مقصد عراق پر حملے، اس کی خودمختاری اور تقدس کو نقصان پہنچانا ہے۔