خیبر پی کے‘ مذاکرات ناکام‘ اساتذہ کا احتجاج ختم کرنے  کی حکومتی شرط ماننے سے انکار

پشاور (نیٹ نیوز) خیبر پی کے حکومت اور اساتذہ کے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن نے احتجاج ختم کرنے کی حکومت کی شرط ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ جس کے بعد صوبائی حکومت اساتذہ کے خلاف کارروائی پر غور کر رہی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومتی وفد سے ٹیچرز  ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی آج ملاقات ہوئی جس میں حکومت نے اساتذہ  سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر تعلیم نے اساتذہ رہنماؤں کو  وزیراعلیٰ سے ملاقات کرانیکی یقین دہانی کرائی تھی۔ وزیر اعلیٰ  نے ملاقات کے لیے اساتذہ سے احتجاج ختم کرنے کی شرط رکھی تھی لیکن  ٹیچرز ایسوسی ایشن نے شرط ماننے سے انکار کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صوبے کے 13 ہزار سے زیادہ اساتذہ اپ گریڈیشن مانگ رہے ہیں۔ ٹیچرز کا مطالبہ ماننے سے حکومتی خزانے  پر  سالانہ 30 ارب روپے سے زیادہ کا بوجھ  پڑے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے گفتگو  میں کہا کہ اساتذہ حکومت کو کارروائی  پر مجبور نہ کریں۔ ٹیچرز ایسوسی ایشن سے گزشتہ 9 ماہ سے بات چیت کر رہا ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے بھی کہا تھا کہ احتجاج ختم کریں تو ملاقات کے لیے تیار ہوں۔

ای پیپر دی نیشن