وسائل پر اشرافیہ قابض، نظام بدلے بغیر قوم کو حق نہیں ملے گا: حافظ نعیم الرحمن 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا  کہ ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کی ضرورت، حکومت اسے مہنگی، پرائیویٹائز اور ناممکن بنانے کے مشن پر گامزن ہے، فری اور کوالٹی ایجوکیشن ہر شہری کا حق، حکمرانوں کا سارا زور اور پالیسیاں اسے چھین لینے پر مرکوز ہیں، پنجاب میں 13ہزار سکولوں کو پرائیویٹائز کرنے کا نادر شاہی فرمان جاری کردیا۔ نواز شریف اور ان فیملی بھارت کی تعریف کے ڈونگرے برسانے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتی، مقابلہ کی ہمت نہیں۔ وسائل پر قابض اشرافیہ عوام کو سازش کے تحت مایوس کر رہی ہے۔ نظام کو بدلے بغیر قوم کو حق نہیں ملے گا۔ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے لیے نہ صرف سیاسی مزاحمت کر رہی ہے بلکہ خدمت کا سفر بھی جاری ہے۔ بنو قابل پروگرام کے تحت پنجاب میں لاکھوں بچوں کو فری آئی ٹی ایجوکیشن فراہم کی جائے گی۔ کراچی سے پروگرام کا آغاز کیا، اب پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ لاہور میں آئندہ دو تین ماہ میں بڑا ٹریننگ سنٹر قائم کریں گے۔ اسلام آباد، کراچی، پشاور اورکوئٹہ میں بھی سٹیٹ آف دی آرٹ ٹریننگ سنٹرز بنائیں گے۔ بنو قابل کے ذریعے زیر تربیت بچوں کے لیے ڈگری پروگرام کا آغاز بھی کریں گے۔ طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی آئی ٹی کورسز کروائیں گے، نصاب بھی تیار کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی ٹریننگ اور ہنر فراہم کرنے کے عزم کے تحت ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے پاکستان بھر میں ’’بنو قابل پروگرام‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر عبدالحفیظ، سیکرٹری جنرل الخدمت سید وقاص جعفری، چیئرمین بنوقابل پروگرام نویدعلی بیگ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، امیر ضلع لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، ایگزیکٹوڈائریکٹربنوقابل پروگرام سلمان شیخ، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بنو قابل پروگرام محمد عمیر ادریس اور دیگر شخصیات شریک تھیں۔ 

ای پیپر دی نیشن