وفاقی حکومت کا بجلی کے استعمال میں اضافے کیلئے ونٹر پیکج  لانے کا منصوبہ  

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی حکومت  بجلی کے استعمال میں اضافے کیلئے ونٹر پیکج لانے  کے منصوبے پر غور کررہی ہے ۔ذرائع کے مطابق ونٹر پیکج کے تحت صارفین کو ریلیف دے کر بجلی استعمال بڑھانے کی منصوبہ بندی  کی جارہی ہے، پاور ڈویژن، وزارت خزانہ اور دیگر اداروں کی ونٹر پیکج کیلئے مشترکہ ورکنگ جاری ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ونٹر پیکج کے تحت تین ماہ کیلئے بجلی کی قیمتوں میں 8 روپے تک کمی کا امکان ہے، اس پیکج کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کی اجازت سے مشروط ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم سرما کیلئے ونٹر پیکج کے تحت قیمت میں کمی کیلئے تین مختلف تجاویز ہیں، تمام بجلی صارفین کو ونٹر پیکج کا حصہ بنانے کی تجویز زیر غور ہیں۔علاوہ ازیں تمام صارفین کیلئے ونٹر پیکج کی صورت میں قیمت 8 روپے تک کم ہو سکتی ہے، جبکہ پیکج کیلئے صرف صنعتی صارفین کو ریلیف دے کر کھپت بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق صنعتی صارفین تک پیکج محدود ہونے کی صورت میں 20 روپے تک کمی اور ونٹر پیکج کیلئے دسمبر تا فروری 2025 تک تین ماہ کا دورانیہ کی بھی پہلی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دوسری تجویز کے تحت ونٹر پیکج کا دورانیہ دسمبر تا اپریل ہو سکتا ہے، منصوبے کے تحت ونٹر پیکج میں صنعتی صارفین کو ریلیف دینا ترجیح ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن