چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح، محسن نقوی، احسن اقبال کی سفیر سے ملاقات

Nov 08, 2024

 اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفارت خانے میں چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا اور زخمی چینی شہریوں  اور ان کی فیملیز  سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے   واقعہ کی تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے سفیر، حکومت اور زخمی چینی شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ترقی اور سکیورٹی کو مربوط کرنے کے چینی تصور سے پوری طرح متفق ہیں، چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان میں چین کے سفیر  جیانگ زائیڈونگ نے  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی، سیکرٹریز برائے مواصلات، ریلوے اور داخلہ کے علاوہ وزارت خارجہ اور وزارت منصوبہ بندی کے سینئر حکام بھی شریک تھے۔ پروفیسر احسن اقبال نے اپنے ابتدائی کلمات میں کراچی میں چینی شہریوں پر ہونے والے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔ احسن اقبال نے کہا، ‘‘یہ بزدلانہ عمل، جو پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے، ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت اور پاکستانی عوام مشکل کی اس گھڑی میں چینی دوستوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ ’’احسن اقبال نے چینی سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں