اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے انصاف تک رسائی اور فراہمی میں بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے قلیل مدتی اور وسط مدتی پالیسی پر جائزے کا اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ مختلف شعبوں سے پروفیشنلز کی ایک ٹیم نے عدالتی نظام کے موجودہ وسائل، اثرات اور مواقع کا جائزہ لیا۔ اس مشق کا مقصد اصلاحات کے منصوبے کو قابل عمل بنانے کیلئے اقدامات کرنا تھا۔ مجوزہ عدالتی اصلاحات کے تحت معاشرے کے کمزور طبقہ کے مقدمات کو ترجیح دی جائے۔ عدالتی اصلاحات کے نئے ڈھانچے کی تشکیل اور عمل درآمد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے رائے لی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر مختلف پس منظر رکھنے والے پروفیشنلز، عدالتی عملے، نظام انصاف کے اہم کردار یعنی وکلاء تنظیموں سے رائے لی جا رہی ہے۔ عدالتی اصلاحات کو حتمی شکل دینے سے پہلے عوام سے بھی بحث کرائی جائے گی۔ ایس سی نے سٹرٹیجک مداخلت کیلئے تشخیصی مطالعہ شروع کیا ہے۔ تشخیصی مطالعہ مختصر اور درمیانی مدت کیلئے ہوگا۔
عدالتی اصلاحات کے تحت کمزور طبقے کے مقدمات کو ترجیح دی جائیگی: سپریم کورٹ اعلامیہ
Nov 08, 2024