پاکستان، ترکیہ تجارت، دفاع، سرمایہ کاری تعاون مستحکم کرنے کی ضرورت، ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں، شہباز شریف

Nov 08, 2024

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے محمد آصف کو دوحہ میں انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ ورلڈ سنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان کے باصلاحیت نوجوان کھیل  کے  میدانوں میں پاکستان  کا  نام روشن کر رہے ہیں۔  وزیراعظم نے کہا کہ محمد آصف نے تیسری مرتبہ بین الاقوامی چیمپئن شپ جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ محمد آصف کے اہل خانہ اور ان کے  کوچ بھی اس فتح پر مبارک  بادکے مستحق ہیں۔ کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں کی  تیاری  کے لئے  معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم  شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ترکیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیر اعظم نے جموں و کشمیر پر ترکیہ کی پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بھی بنیادی مفادات کے حوالے سے ترکیہ کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔  وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردگان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ترک صدر کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ ترکیہ کے سفیر نذیر اوغلو نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں نیپال کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکسان نیپال کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعظم  نے پاک نیپال دو طریقہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے گھانچے جیسے دور دراز علاقے میں اعلی تعلیم کے ادارے رمدے یونیورسٹی کا قیام انتہائی خوش آئند ہے، گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے  عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں تھاگوس، ضلع گھانچے کے مقام پر قائم کی جانے والی رمدے یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمدے یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے اور ان کے تمام احباب کو دل کی گہرائیوں سے یونیورسٹی کے قیام کی مبارک پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ 11 ہزار فٹ کی بلندی پر تھاگوس کے مقام پر قائم ہونے والی یہ یونیورسٹی جدید علوم اور تحقیق کے معیار کی بلند چوٹیاں سر کرے گی۔  گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے  عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ گزشتہ روز گلگت بلتستان کے دورے کے دوران سیلاب سے 62  متاثرہ خاندانوں کو گھر حوالے کیے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جو علاقے کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے میں مدد دے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کل ہی گلگت بلتستان ایجوکیشن انڈوومنٹ  فنڈ کا اعلان کیا ہے۔ تقریب میں جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے نے رمدے یونیورسٹی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

مزیدخبریں