لاہور ( لیڈی رپورٹر ) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر انٹرنیشنل سٹیم ڈے کی مناسبت سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سٹیم سائنسی نمائش کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے جو طلباء کو تخلیقی صلاحیتیں آزمانے کے مواقع دینا ان کی ترقی میں معاون ہوگا۔ پروگرام مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ تمام اضلاع میں سٹیم نمائش کا انعقاد یقینی بنائے گا۔ یہ سائنسی نمائش پنجاب بھر میں ضلعی سطح پر مڈل و سیکنڈری سکولوں کے طلباء کے سائنسی ماڈلز پر مشتمل ہوگی۔ وزیر تعلیم نے کہا سٹیم نمائش کا مقصد طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنا اور سائنس و ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس و ریاضی کے فروغ کے علاوہ ان میں مذکورہ مضامین و عنوانات کے حوالے سے دلچسپی پیدا کرنا ہے۔ یہ نمائشیں طلباء کو ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینے، ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی غرض سے منعقد کی جا رہی ہیں جو مختلف شعبوں میں طلباء کے جدید خیالات و رجحانات کو اجاگر کرے گی۔