لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے سموگ سے متاثرہ بیماریوں کے علاج کیلئے ادویات کے سٹاک کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ڈرگ کنٹرول ونگ اور پاکستان فارما مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا سموگ میڈیسن الرٹ گروپ قائم کردیا گیا ہے۔ سموگ میڈیسن الرٹ گروپ ادویات کی قلت اور ناجائز ذخیرہ اندوزی پر کڑی نظر رکھے گا۔ پنجاب ڈرگ مانیٹرنگ سسٹم مکمل طور پر فعال ہوگیا ہے جو ادویات کی دستیابی اور سپلائی چین کی مکمل نقل و حمل مانیٹر کررہا ہے۔ اجلاس میں ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل کی جانب سے سموگ سے متعلقہ ادویات کی دستیابی، سپلائی چین کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاکستان فارما مینو فیکچررز ایسوسی ایشن اور فارما بیورو کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت نے کہا سموگ سے متاثرہ بیماریوں کے علاج کیلئے ادویات انہیلرز، آئی ڈراپس، نیزل ڈارپس، اینٹی بائیوٹک، کف سیرپ، ماسک اور درد بخار کم کرنیوالی ادویات کے سٹاک کا جائزہ لیا گیا۔پی پی ایم اے سے ادویات کا سٹاک مانگ لیا گیا ہے اور ان سے ضروری ادویات کی لسٹ فراہم کردی گئی ہے۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں یہ ادویات موجود ہیں، مارکیٹ میں ان ادویات کی مصنوعی قلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ سموگ سے متاثرہ شہریوں کو ادویات کی رسائی اور دستیابی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
سموگ ادویات کا جائزہ ،پنجاب ڈرگ مانیٹرنگ سسٹم مکمل طور پر فعال :عمران نذیر
Nov 08, 2024