اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بائیوٹیکنالوجی نے دنیا کو تبدیل کر دیا ہے۔ چائنا میں کوئی کرنسی لیکر نہیں چلتا، لوگ خالی ہاتھ جاتے ہیں۔ ڈیجیٹل طریقوں سے ادائیگیاں کرتے ہیں، آرٹییفشل انٹیلی جنس اب سب کچھ تبدیل کر رہا ہے۔ انسانی عمل دخل اب نہ ہونے کے برابر دکھائی دے رہا ہے۔ کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کوئی یہ سوچ سکتا تھا کہ ڈائل والے فونزکا استعمال نہ ہونے کے برابر ہو جائے گا، اب موبائل فونز نے سب کچھ بدل دیا۔ ہو سکتا ہے آئندہ مستقبل میں یہ بھی نہ ہو، کسی نے سوچا تھا کہ گاڑیاں فیول کے بغیر چل سکتی ہیں، آج ایسا ممکن ہے، مستقبل میں سب کچھ ممکن ہے۔ ہمارا تعلق غریب ملک سے ہے ہمیں غربت کے حوالے سے کام کرنا ہو گا۔ کمیونٹی سسٹم کو بہتر بنا کر غربت کے چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بائیوٹیکنالوجی، بیماری، موت سب پر ایک بات کی جا سکے گی۔ اوسط زندگی بڑھ رہی ہے اور انسان کی زندگی کئی سو سال تک ہو سکتی ہے۔ ٹیکنالوجی کی وجہ سے ہر چیز چھوٹی ہو رہی ہے۔ انٹرنیٹ کی وجہ سے سمارٹ شہر بن رہے ہیں۔ آپ کا بنک اکاؤنٹ آپ کے ہاتھ میں ہے اور اس سے ادائیگی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیلیفورنیا میں سٹورز ہیں لیکن وہاں کوئی فرد نہیں ہے، کوئی چیز اٹھائیں اور آپ کے اکاؤٹ سے پیسے کٹ جائیں گے اور اگر وہ چیز واپس رکھ دیں تو پیسے اکاؤنٹ میں واپس آ جائیں گے۔