اسلام آباد پولیس کیخلاف غیر سنجیدہ بیانات قابل مذمت، انجینئر امیر مقام 

Nov 08, 2024

  اسلام آباد( وقائع نگار ) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا وفاق اور وفاقی اداروں بالخصوص اسلام آباد پولیس کے افسران کے خلاف غیر سنجیدہ بیانات دے رہے ہیں جو قابل مذمت ہیں، وزیراعلی آئینی منصب پر بیٹھ کر صوبہ کے تمام وسائل اپنے منفی عزائم پر استعمال کر رہے ہیں، صحت، تعلیم اور روزگار پر توجہ دینے کی بجائے حقوق مانگنے والے اساتذہ کو برطرف کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، قوم کے معماروں کے مطالبات پورے کئے جانے چاہئیں، ہم اساتذہ کے ساتھ ہیں، 9 ماہ گزرنے کے باوجود پی ٹی آئی باجوڑ سے اپنے شہید ہونے والے سابق امیدوار کو انصاف نہیں دلا سکی، رکن قومی اسمبلی مبارک زیب اور ان کے حلقہ کے عوام کو انصاف دلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی مبارک زیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ ایک آئینی عہدہ ہے لیکن اس عہدے پر براجمان شخص وفاق اور وفاقی اداروں پر حملوں کی باتیں کرتا ہے اور انہوں نے انتشار کے علاوہ صوبہ کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، علی امین گنڈاپور کے اسلام آباد پر چڑھائی اور اب کے پی کے ہائوس میں مختلف افراد کا داخلہ بند کرنے جیسے مضحکہ خیز بیانات دیئے جا رہے ہیں ان کی بات کو سنجیدہ نہیں لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے ہائوس ایک ادارہ ہے جہاں وہاں کے منتخب نمائندوں اور مقامی انتظامیہ کو جانے کا مکمل حق حاصل ہے، اس ہائوس کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کے پی کے، کے سرکاری ملازمین، اساتذہ اور دیگر اداروں کے لوگوں اور وسائل کو انتشاری سیاست کیلئے استعمال کیا گیا اور انتشاری سیاست سے انکار کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور قوم کے معمار اساتذہ کے ساتھ ناروا سلوک برتنے کے ساتھ ساتھ انہیں برطرف کئے جانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اساتذہ کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں، ہم اساتذہ کے جائز حقوق کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزیدخبریں