اسلام آباد(خبرنگار)وزریراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختاراحمد بھرتھ نے کہا ہے کہ وفاقی ہسپتالوں میں کوالٹی اور سروس کی فراہمی ہمارا ایجنڈا اور مشن ہے،ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بروقت اقدامات ضرور ی ہیں۔ وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولی کلینک ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک نے کوآرڈینیٹر کو ہسپتال کی کارکردگی اور درپیش چیلنجوں بارے بریف کیاڈاکٹرمختار احمد بھرتھ نے کہا کہ وفاقی ہسپتالوں میں کوالٹی اور سروس کی فراہمی ہمارا ایجنڈا اور مشن ہے ، اس ایجنڈے کے حصول کے لئے تمام تر وسایل اور ضروری اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی کے لئے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے، ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں، تمام پیرا میڈیکل سٹاف، ڈاکٹرز اور سینئر ڈاکٹرز اپنی حاضری کو یقینی بنائیںانہوں نے کہا کہ ہفتہ وار پیرا میڈیکل سٹاف اور سینئر ڈاکٹرز کی ڈیوٹی حاضری رپورٹ منسٹری کو ارسال کی جائے، وزارت صحت ان کی حاضری کو مانیٹر کرے گی ۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ طب ایک مقدس پیشہ ہے، عوام ڈاکٹرز کو مسیحا سمجھتی ہے، ڈیوٹی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں ہو گا