کراچی (کامرس رپورٹر) مہنگائی میں کمی نہ ہونے کے سبب پریشان عوام کے لئے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں دالوں کے قیمتیں کم ہونے سے ہول سیل بازار میں دالوں کی قیمتوں میں بڑی کمی ہو گئی۔ چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوی ایشن عبدالرؤف ابراہیم کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں 100 ڈالر فی ٹن سے زائد کمی ہوئی ہے جبکہ بھارت اور سری لنکا کی عالمی مارکیٹ سے خریداری بند کرنے کی وجہ سے بھی عالمی بازار میں دالوں کے ریٹ کم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریجن میں پاکستان واحد ملک ہے جو دالوں کی خریداری کر رہا ہے۔ چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوی ایشن کا کہنا ہے کہ 860 ڈالر فی ٹن کی قیمت کم ہو کر 750 ڈالر فی ٹن کی سطح سے بھی نیچے آگئی ہے۔ عالمی بازار کم ہونے سے مقامی امپورٹرز کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ستمبر سے اب تک کالے چنے کی قیمت میں 50 روپے کلو کمی آگئی ہے۔ رواں ماہ اور اگلے ماہ دالوں کے چھ جہاز لگ رہے ہیں جس کے بعد یہ قیمت 250 روپے تک گر سکتی ہے۔ چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوی ایشن نے مزید بتایا کہ 400 روپے فی کلو چنے کی دال 360 روپے ،،جبکہ اگلے مہینے تک مزید کم ہو کر 300 روپے تک دستیاب ہوگی جبکہ ماش کی دال 500 روپے کلو سے کم ہو کر 425 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔کابلی چنا اول نمبر 400 روپے سے کم ہو کر 355 روپے کلو ہوگیا ہے۔ کابلی چنا چھوٹا 320 روپے سے کم ہوکر 295 روپے کی سطح پر آ گیا۔ عبدالرؤف ابراہیم نے مطالبہ کیا کہ کمشنر کراچی ریٹیل کی سطح پر دالوں کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ عام صارف کو پہنچانے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔
دالوں کی قیمتیں کم ہو گئیں، کمشنر عوام کے فائدے کیلئے اقدامات کریں: عبدالرؤف ابراہیم
Nov 08, 2024