گریڈ 20 اور 21 میں 1000 افسروں کی ترقی کیلئے اجلاس طلب

اعلیٰ اختیارات کے حامل سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس 15 ماہ کے وقفے کے بعد نومبر کے آخری ہفتے میں ہونے جا رہا ہے جس میں 20 اور 21 گریڈ کی سیکڑوں خالی اسامیوں کو پر کرنے کیلئے تقریباً ایک ہزار افسران کے پروموشن کیسز پر غور کیا جائے گا۔ائی لیول پروموشن کیلئے جن افسران کے ناموں پر غور کیا جائے گا ان میں سے بیشتر کا تعلق سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے مختلف آکیوپیشنل گروپس سے ہے۔ سی ایس ایس گروپس اور کیڈرز سے تعلق رکھنے والے تقریباً 800 افسران گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کیلئے دوڑ میں ہیں۔ جن دیگر افسران کے کیسز پر غور کیا جائے گا ان کا تعلق مختلف سرکاری محکموں اور ایجنسیوں کے ایکس کیڈر افسران ہیں۔ پیشہ ورانہ گروپوں میں پروموشن کیلئے جن افسران کے ناموں پر غور کیا جائے گا ان میں زیادہ تر افسران کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس)، پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی)، سیکریٹریٹ گروپ (ایس جی)، ان لینڈ ریونیو سروس (آئی آر ایس) اور پاکستان کسٹمز سروس (پی سی ایس) سے ہیں۔ پی اے ایس کیلئے گریڈ 20 اور 21 میں دستیاب اسامیاں سب سے زیادہ ہیں جس کے بعد زیادہ اسامیاں پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس (پی اے اے ایس)، ایس جی اور پی ایس پی گروپ میں ہیں۔ 15 ماہ کے وقفے کے بعد، اعلیٰ اختیارات کے حامل سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس نومبر 2024 کے آخری ہفتے میں ہوگا جس میں ایک ہزار افسران کو ترقی دینے پر غور کیا جائے گا۔ یہ اجلاس 24، 25 اور 26 نومبر کو ہونا ہے۔ اگر بورڈ تین روز میں اپنا کام مکمل نہ کر پایا تو 27 اور 28 نومبر کو بھی بورڈ کا اجلاس رکھا گیا ہے۔ توقع ہے کہ 300 سے 400 افسران کو 20 اور 21 گریڈ میں ترقی دینے کیلئے سی ایس بی سفارش کرے گا۔ سی ایس بی کا گزشتہ اجلاس اگست 2023 کے اوائل میں ہوا تھا۔ پروموشن پالیسی کے مطابق سی ایس بی کا اجلاس سال میں دو مرتبہ ہونا چاہیے لیکن اس بار طویل وقفے کے بعد یہ اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ یہ واضح کیا گیا ہے کہ چونکہ نگران حکومت کو سرکاری ملازمین کو ترقی دینے کا مینڈیٹ حاصل نہیں، لہٰذا اس عرصہ کے دوران سی ایس بی کا اجلاس نہیں ہو سکا۔ ایک ذریعے کے مطابق، معاملہ درحقیقت چیئرمین ایف پی ایس سی کی عدم موجودگی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، جو سی ایس بی کے سربراہ (چیئرمین) بھی ہیں۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کے چیئرمین کا عہدہ حال ہی میں پُر ہوا جس کے بعد انہوں نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو آگاہ کیا کہ سی ایس بی کا اجلاس نومبر کے آخری ہفتے میں منعقد کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن