اسرائیل کا صیدا میں کار پر حملہ، 3 افراد جاں بحق، یونیفل کے 4 اہلکار زخمی

لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری رہے اور ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی شہر صیدا میں لبنانی فوج کی چوکی کے قریب ایک کار کو نشانہ بنا ڈالا۔ العربیہ کی معلومات نے جمعرات کو انکشاف کیا کہ اس ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اقوام متحدہ کی امن فوج (UNIFIL) کی گشتی فورس کے 4 ارکان زخمی بھی ہوگئے۔ یہ ارکان اس جگہ سے گزر رہے تھے۔لبنانی فوج نے اعلان کیا کہ اسرائیلی حملے نے ایک کار کو نشانہ بنایا جب وہ اس کی ایک چوکی سے گزر رہی تھی۔ اس حملے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ لبنانی فوج کے تین اور یونیفیل کے چار اہلکار زخمی ہوگئے۔یہ حملہ اس وقت کیا گیا ہے جب اسرائیل نے جمعرات کو ہی ’’جبل لبنان‘‘ گورنری میں "عاریا" روڈ پر ایک کار کو بھی نشانہ بنایا۔ العربیہ کے نامہ نگار نے بتایا کہ ایک ڈرون نے ’’عاریا الکحالہ‘‘ روڈ پر ایک کار پر بمباری کی۔ یہ دارالحکومت بیروت کو البقاع سے ملانے والی بین الاقوامی سڑک ہے۔ اس حملے میں ایک خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب اسرائیل نے تبنین قصبے پر 5 حملے کیے اور جنوب میں کفرہ اور مجدل سلم کے قصبوں پر بھی بمباری کی۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف لڑائی میں اس کے 5 فوجی مارے گئے ہیں۔ انھوں نے جنوب میں پارٹی کے ٹھکانوں اور ہتھیاروں کے ڈپو پر درجنوں حملے کئے۔ ۔ اس علاقے میں دونوں فریقوں کے درمیان ہفتوں سے لڑائیاں جاری ہیں۔واضح رہے یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اسرائیلی ڈرونز نے عاریا الکحالہ روڈ کو نشانہ بنایا ہو بلکہ گزشتہ ستمبر میں حملوں میں تیزی کے بعد چوتھی بار اس روڈ پر حملہ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی افواج نے دو ماہ قبل اپنے حملوں کو تیز کیا اور لبنان کے مختلف علاقوں میں ڈرون حملوں میں پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو جاں بحق کیا ہے۔یکم اکتوبر سے اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی در اندازی بھی شروع کر رکھی ہے۔ سرحد کے قریب لبنان کے کئی قصبوں میں اسرائیلی فوج داخل ہوچکی ہے۔ تاہم حزب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کا جنوب کے کسی بھی دیہات پر مکمل کنٹرول نہیں ہے۔ اسرائیلی تصادم اور بمباری کے نتیجے میں تقریباً 36 قصبوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن