تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریسر میک گرک اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا، جیک فریسر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 18 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، مارنس لبوشین کو بھی حارث نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر اسٹیو اسمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ ایرون ہارڈی اور گلین میکسویل کو حارث نے اپنا شکار بنایا۔مچل اسٹارک کو نسیم شاہ نے بولڈ کیا۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا آسٹریلیا کے خلاف پہلا ون ڈے کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے اور پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بولنگ ہی کرتے، ہم نے بھی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور پہلا ون ڈے جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔ یاد رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔
دوسرا ون ڈے، آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف
Nov 08, 2024 | 12:55