دوسرا ون ڈے، آسٹریلین ٹیم پاکستان کیخلاف اپنے کم ترین ون ڈے سکور پر پوویلین لوٹی

 تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیدیا ، یہ ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کا پاکستان کیخلاف کم ترین سکور ہے ۔ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریسر میک گرک اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا، جیک فریسر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 18 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، مارنس لبوشین کو بھی حارث نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر سٹیو سمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ ایرون ہارڈی اور گلین میکسویل کو حارث نے اپنا شکار بنایا۔ مچل اسٹارک کو نسیم شاہ نے بولڈ کیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 5 شاہین آفریدی 3 جبکہ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کا پاکستان کیخلاف کم ترین سکور ہے ، اس سے قبل فروری 1990ء میں آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کیخلاف 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز سکور کیے تھے۔قبل ازیں ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا آسٹریلیا کے خلاف پہلا ون ڈے کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے اور پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بولنگ ہی کرتے، ہم نے بھی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور پہلا ون ڈے جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔ یاد رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ای پیپر دی نیشن