بھارت ہمیشہ کھیل میں سیاست کو لے کر آجاتا ہے:چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ

Nov 08, 2024 | 18:24

ویب ڈیسک

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ہمارا مؤقف بڑا واضح ہے، کسی ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں کریں گے۔ تمام ممالک پاکستان میں کھیلنے کے لیے تیار ہی، لیکن بھارت ہمیشہ کھیل میں سیاست کو لے کر آجاتا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی میڈیا کوئی دستاویز دے گا تو دیکھیں گے. میڈیا پر تو کافی عرصے سے چل رہا ہے .لیکن دستاویز آئے گی تو حکومت سے بات کریں گے، کوئی بھی کھیل ہو دنیا میں سیاست سے صاف ہونا چاہیے۔ امید ہے آئی سی سی جلد شیڈول کا اعلان کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تیاریاں بھرپور ہیں، انشااللہ کامیاب ایونٹ کا انعقاد کریں گے۔ کوئی بھی دستاویز آئے گی تو حکومت کے پاس لے کر جائیں گے، جو بھی فیصلہ حکومت کرے گی اس پر ہی عمل درآمد کریں گے۔ ہم کافی عرصے سے اچھا رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کے میچز پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم اپنے میچز دبئی میں کھیلے گی، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے فیصلے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کردیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے منع کردیا ہے۔ بھارت کے علاوہ دیگر 6 ملکوں نے ایونٹ میں ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کی تصدیق کردی ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ ایک طویل عرصے سے بھارت کا مؤقف رہا ہے اور اسے تبدیل نہیں کرنا چاہتے۔ بی سی سی آئی نے پی سی بی کو خط لکھا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ اپنے میچ دبئی منتقل کردیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے بھارتی حکومت سے مشاورت کے بعد اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں تک کہ پی سی بی نے بی سی سی آئی کو یہ بھی مشورہ دیا کہ ہندوستان ہر میچ کے بعد چندی گڑھ یا دہلی واپس جا سکتا ہے، تاہم تمام آپشنز کو مسترد کر دیا گیا۔یہ بات تو واضح ہے کہ بھارت سیاسی اور سیکیورٹی کے بہانے بناکر ٹیم بھیجنے سے انکاری ہے اور ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانا چاہتا ہے۔ سیکیورٹی کا مسئلہ ہے ہی نہیں کیونکہ پاکستان ایک طویل عرصے سے بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کر رہا ہے۔

واضح رہے چیمپیئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک شیڈول ہے جس کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے۔

مزیدخبریں