پاکستان کے شمالی علاقوں کو نشانہ بنانے والے ڈرون طیارے خود خطرناک وائرس کا شکار ہوگئے ہیں،امریکی حکام اب تک وائرس پر قابو پانے میں ناکام ہیں ،امریکی میڈیا کے مطابق دو ہفتے قبل نیواڈا کے کریچ ائیربیس میں ڈرون طیاروں کے سسٹم میں کمپیوٹر وائرس آگیا۔ یہ وہی ائیربیس ہے جہاں سے ڈرون اڑ کر افغانستان آتے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس حملے کے بعد ڈرون سسٹم میں موجود خفیہ معلومات محفوظ ہیں جنہیں چرایا نہیں جاسکا تاہم اس وائرس کو ختم کرنے میں ابھی تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ڈرون طیاروں کا مرکزی کاک پٹ چونکہ انٹرنیٹ سے منسلک نہیں اس لئے مکمل طور پر محفوظ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وائرس حملے کے باوجود ڈرون طیارے آپریشنل رہیں گے۔