لاہور (سروے : احسان شوکت) عوامی حلقوں نے امریکی ڈرون حملوں کو ملکی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے حکمران ہوش کے ناخن لیں امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینکیں امریکہ کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے۔ ملکی حدود میں داخل ہونے والے ڈرون طیاروں کو مار گرایا جائے۔ نوائے وقت کے عوامی سروے میں ٹاﺅن شپ کے ناصر گیبریل پرواز نے کہا کہ آرمی چیف کا بیان کہ ”آئندہ افغانستان سے حملے کا منہ توڑ جواب دیں گے“ خوش آئند ہے‘ حکمرانوں کو ڈرون حملوں کا بھی منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔ رسول پارک ملتان روڈ کے حافظ محمد اعجاز الحق نے کہا کہ حکمران ملی حمیت اور قومی غیرت کا مظاہرہ کریں۔ شاد باغ کے عمران اشرف نے کہا کہ قوم کے ساتھ حکمرانوں کو بھی امریکہ کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا اور امریکہ سے آہنی ہاتھوں نمٹنا چاہئے۔ گجرپورہ چائنہ سکیم کے زبیر نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور امریکہ کو سبق سکھانے کی پالیسی اپنائیں۔ وحدت روڈ کے بابر نے کہا کہ ہمیں ایک قوم بن کر امریکی جارحیت کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ باغبانپورہ بھوگیوال کے محمد عاصم نے کہا کہ امریکہ کو بتانا ہو گا کہ ہم زندہ قوم اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت ہیں۔ شادی پورہ بند روڈ کے شہزاد علی نے کہا کہ حکمران امریکہ کو دو ٹوک جواب دیں کہ وہ پاکستان میں مداخلت اور ڈرون حملے بند کرے۔ گوجرانوالہ کے طارق رفیق نے کہا کہ امریکہ ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے اور ہمارے حکمران امریکی آلہ کار بن چکے ہیں۔ داروغہ والا کے شعیب نے کہا کہ ڈرون حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے شاد باغ کے اشتیاق نے کہا کہ امریکہ ہمارا دوست نہیں دشمن ہے۔