حکومت نوجوانوں کیلئے روزگار کا حصول یقینی بنائے گی: نواز شریف

Oct 08, 2013

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کی عظیم طاقت ہیں، حکومت نوجوانوں کیلئے روزگار کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو مختلف مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے، جن میں ہنر مند تعلیم، تربیت، روزگار اور سکالرشپس شامل ہیں تاکہ وہ زندگی کے تمام شعبوں میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ وزیراعظم کو یوتھ پروگرام کے تمام پہلوﺅں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ اب تک عوام کی طرف سے 350,000 تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام قیمتی آراءکا بغور جائزہ لیا جائے، یوتھ پروگرام کے تحت منصوبے جلد شروع کئے جائیں۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے شرکت کی۔ کم لاگت کے مکانات کی سکیموں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے ملک بھر میں آئندہ پانچ سالوں کے دوران 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے پالیسی فریم ورک 30 نومبر تک تیار کر لیا جائے۔

مزیدخبریں