لندن (بی بی سی) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ماسکو میں 2014ءکے سرمائی اولمپکس کی مشعل کی ریلی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ روس کے شہر سوچی میں سات فروری 2014ءکو اولمپک مقابلوں کے شروع ہونے سے پہلے اولمپک مشعل 123 دن کے سفر کے دوران 65 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ سفر کے دوران اولمپک مشعل بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر بھی بھیجی جائیگی۔ تقریب کے موقع پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ ان کھیلوں سے ظاہر ہو جائے گا کہ روس ”مساوات اور تنوع“ کی قدر کرتا ہے۔ یونان کے اس تاریخی مقام پر اتوار کو اولمپکس کی مشعل روشن کی گئی جہاں اولمپک مقابلوں کی ابتدا ہوئی تھی۔ اس کے بعد مشعل کو جہاز کے ذریعے روس پہنچایا گیا۔ ولادی میر پیوٹن نے ماسکو میں تقریب کے دوران مشعل کی رونمائی کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لئے بڑی خوشی کا دن ہے۔ امن و دوستی کی علامت اولمپک مشعل روس پہنچ گئی‘ روس کی وفاقی خلائی ایجنسی نومبر میں مشعل کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر بھیجے گی جہاں دو روسی خلاباز مشعل کے ساتھ خلائی چہل قدمی کریں گے۔ روسی حکام پر یہ الزامات بھی لگائے گئے ہیں کہ انہوں نے اولمپکس کی تیاری کیلئے سوچی میں تعمیراتی کام میں حصہ لینے والے غیرملکی کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ سوچی کو 2007ءمیں سرمائی اولمپکس کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔