قصور+ خان پور (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ اے پی پی) قصور میں 2 نوجوانوں، خان پور میں 2 خواتین سمیت 3 افراد نے زندگی ختم کرلی۔ تفصیلات کے مطابق قصور میں نواحی گاؤں بھلو میں گھریلو جھگڑے پر محمد الیاس نوجوان نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی جبکہ کوٹ رادھاکشن کے علاقہ ٹبہ کوٹ افضل میں والدین کی ڈانٹ ڈپٹ پر 22 سالہ نادر سہیل نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے ۔ کوٹ رادھا کشن کے نواح ٹبہ افضل میں نادر سہیل کا اپنے اہل خانہ سے گھریلو جھگڑا چلا آ رہا تھا۔ وقوعہ کے روز والدین نے جب اس کی ڈانٹ ڈپٹ کی تو اس نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں۔ خان پور سے اے پی پی کے مطابق گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہوکر دو خواتین سمیت تین افراد نے خودکشی کرلی۔ گزشتہ شام خان پور سے 20 کلومیٹر دور ظاہر پیر کی 32 سالہ طاہرہ بی بی جس کا خاوند جہانگیر نشہ کرتا تھا جسے منع کرنے پر دونوں میں جھگڑا ہوگیا دلبرداشتہ ہوکر اس نے کالا پتھر پی لیا۔ کچہ صادق آبادکی 30 سالہ فردوس بی بی نے بھی گھریلو جھگڑوں پر زہر پی لیا جبکہ بستی غوث پور کے رہائشی 38 سالہ محمد عامر نے بھائیوں کے اراضی کا حصہ نہ دینے پر زہریلی گولیاں کھا لیں ۔ تینوں افراد کو شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان منتقل کیا گیا تھا جہاں تینوں افراد جسم میں زہر پھیل جانے سے دم توڑ گئے۔