اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے بغیر ہم پاکستان کو ادھورا سمجھتے ہیں۔ کشمیر کی آزادی کیلئے لڑنا پڑا تو گلگت بلتستان کے لوگ پاک فوج کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔ بھارت کا سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ فلاپ ہوگیا ہے بھارت کو سرجیکل سٹرائیک پر لینے کے دینے پڑگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان کے وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمان نے گزشتہ روز کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں حریت رہنمائوں سے ملاقات میں کیا۔ حفیظ الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر ایک جسم کے تین حصے ہیں اور بھارتی افواج نے ایک حصہ زبردستی اپنے قبضہ میں کیا ہوا ہے جس کو آزاد کرانا ہمارا فرض ہے۔ تحریک آزادی مقبوضہ کشمیر میں گلگت بلتستان کے عوام کا بھی حصہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو متاثر نہ کرنے کی وجہ سے گلگت بلتستان کے عوام اپنے جائز مطالبات کا مطالبہ نہیں کررہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کلمہ کا رشتہ ہے۔ گلگت بلتستان اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کے خلاف تین قرار دادیں منظور کی ہیں۔ گلگت بلتستان کی حکومت سیاسی اور سفارتی سطح پر مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزدای کی حمایت کرتی ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعلی گلگت بلتستان کو مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی ریاستی دہشت گردی پر مبنی ڈاکومنٹری د کھائی گئی ڈاکومنٹری دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن بھارتی افواج کی زخمیوں اور شہیدوں پر وحشیانہ تشدد دیکھتے ہوئے آبدیدہ اور اپنے جذبات پر قابو نہ کرسکے۔
مقبوضہ کشمیر کے بغیر پاکستان کو ادھورا سمجھتے ہیں: وزیراعلیٰ گلگت، ڈاکومینٹری دیکھ کر آبدیدہ
Oct 08, 2016