وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گزشتہ 3سال کے دوران ملک کی معیشت کو درست سمت میں ڈال دیا ہے اور پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ وہ گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گفتگو کر رہے تھے۔ اجلاس میں گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ، وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف، وفاقی وزراءاسحاق ڈار، خواجہ آصف ، احسن اقبال، خرم دستگیر خان سمیت ملک کے معروف کاروباری حضرات اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 2013ءکے مقابلے میں آج کا پاکستان معاشی طور پر مضبوط اور پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کےلئے مزید محنت سے کام کرنا ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کےلئے بنیادی اصلاحات کی گئی ہیں کیونکہ کاروبار کرنے کا نظام جتنا آسان ہو گا اتنی زیادہ سرمایہ کاری ہو گی۔ انہوں نے کہا سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کاروباری شخصیات کی مشاورت سے بزنس کرنے کےلئے مزید آسانیاں پیدا کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان کی معروف کاروباری شخصیات نے وزیر اعظم کی قیادت میں بزنس کرنے کےلئے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے کئی سیکٹرز میں بہترین اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم مخالفین کے پروپیگنڈے کو خاطر میں لائے بغیر ملک کی خدمت جاری رکھیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ ضرب عضب آپر یشن جاری ہے۔ سی پیک منصوبے سے خطے میں انتہا پسندی ‘غر بت اور بے روزگاری بھی ختم ہوگی۔ سی پیک ملک اور خطے کےلئے ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے جس سے ملک میں معاشی انقلاب آئےگا ‘سی پیک کے تحت چاروں صوبوں میں کام جاری ہے۔ ذاتی طور پر سی پیک منصوبوں کی نگرا نی کر رہا ہوں۔ ملک میں ہر صورت بجلی کی قلت کو 2018تک ختم کیا جا ئےگا۔ 37ارب ڈالرزصرف بجلی کے منصوبوں پر خر چ ہو رہے ہیں۔ قوم کو بجلی بھی سستی ملے گی۔ وزیر اعلی پنجاب میاں شہبا زشر یف ‘وفاقی وزراءاسحاق ڈار ‘احسن اقبال ‘وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف سمیت دیگر بھی موجود تھے جبکہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہبا زشر یف نے وزیر اعظم کو پنجاب میں بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے کئے جانےوالے اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے بر یفنگ دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے اس وقت ملک کی معاشی پوزیشن پوری قوم کے سامنے ہے مگر آج پاکستان ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط اور خوشحال ہورہا ہے اور عام آدمی کی زندگی میں بھی ترقی اور خوشحالی آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کےلئے ایک گیم چینجر ہے۔ چین کا46ارب ڈالرز سے زائد کا یہ منصوبہ پاکستان سے بھی دوستی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں خود سی پیک کے تحت چاروں صوبوں میں جاری منصوبوں کی نگرانی کر رہا ہوں سی پیک کے تحت گوادر سی پورٹ اور ایئر پورٹ بھی بن رہا ہے اور اس سے پاکستان کی بھی قسمت بد ل جا ئےگی اور اس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برداری کے مسائل کے حل کےلئے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کئےجا رہے ہیں کیونکہ تاجر ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔